Sunday, May 19, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ کا غیرقانونی گالف کورس قبضے میں لینے کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ کا غیرقانونی گالف کورس قبضے میں لینے کا حکم
December 28, 2021 ویب ڈیسک

اسام آباد (92 نیوز) نیشنل پارک میں ڈیفنس کمپلیکس کی دیوار کی تعمیر کیخلاف کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے سی ڈی اے کو غیرقانونی گالف کورس قبضے میں لینے کا حکم دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیشنل پارک میں ڈیفنس کمپلیکس کی دیوار کی تعمیر کے خلاف درخواست پر سماعت چیف جسٹس اظہر من اللہ نے کی ۔ عدالت نے سیکرٹری دفاع ، سیکرٹری داخلہ اور چیئرمین سی ڈی اے کو 11 جنوری کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل پر برس پڑے اور ریمارکس دئیے کہ آپ کو ان شہیدوں کا بھی خیال نہیں، ہر وقت قانون توڑا گیا یہ شہیدوں کی بھی توہین ہے ۔ یہ وفاقی دارالحکومت نہیں بلکہ اشرافیہ ہے یہاں کوئی رول آف لا نہیں۔ خلاف قانون دیوار بنانے کی اجازت کس نے دی۔ تحقیقات کر کے ذمہ داران کا تعین کر کے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ بڑے آدمی کی ہر چیز ریگولرائز ہو جاتی ہے، سی ڈی اے جائے اور گالف کورس کی غیرقانونی تجاوزات کا قبضہ لے۔ غریب کی جھگی ہوتی ہے تو سارے قانون بتاتے ہیں امیر کی ہو تو نقشے لیکر آ جاتے ہیں۔ عدالت کا فیصلہ ہے ایک اینٹ بھی سی ڈی اے کی منظوری کے بغیر نہیں ڈال سکتے۔

عدالت نے سیکرٹری دفاع، داخلہ اور چیئرمین سی ڈی اے کو بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ کیس کی مزید سماعت گیارہ جنوری تک ملتوی کردی گئی۔