Thursday, March 28, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ کا آصف زرداری کیلئے نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ کا آصف زرداری کیلئے نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم
December 4, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں  سابق صدر آصف علی زرداری کی طبی بنیاد پر درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی ، عدالت نے  ایم ایس پمز کو نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔ میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسز میں سابق صدر آصف علی زرداری اور انکی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس عامرفاروق پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے خصوصی بنچ نے کی ۔ عدالت نے حکم دیا کہ ایم ایس پمز نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دے جس میں  آصف علی زرداری کے ذاتی معالج کو بھی شامل کیا جائے ۔ دوران سماعت چیف جسٹس اسلام آبا د ہائیکورٹ نے  استفسار کیا کہ  پہلا میڈیکل بورڈ کس  کے حکم پر بنایا گیا  ۔ آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے جواب دیا کہ  میڈیکل بورڈ وفاقی حکومت نے بنایا ، ذاتی معالج کو بھی بورڈ میں شامل کر لیا جائے ۔ چیف جسٹس نے  ریمارکس دیے کہ  پمز کو کہہ دیتے ہیں وہ میڈیکل بورڈ تشکیل دیکر رپورٹ جمع کرا دیں ۔عدالت نے کیس کی سماعت 11 دسمبر تک ملتوی کر دی ۔ فاروق ایچ نائیک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آصف زرداری کی میڈیکل گراؤنڈ پر ضمانت دائر کی ہے ، عدالت  نے 11 دسمبر تک  نئی میڈیکل رپورٹ طلب کی ہے ۔ آصف زرداری کی درخواست میں وکیل فاروق ایچ نائیک نے موقف اپنایا ہے کہ نیب کی جانب سے فراڈ کے الزام میں گرفتاری کو 5 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے ، لیکن نیب کچھ ثابت نہ کرسکا اور درخواست گزار کو جیل حکام کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا ۔ فریال تالپور کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وہ ایک سپیشل بچی کی ماں ہیں ، اور اس کی دیکھ بھال کیلئے ضمانت پر رہائی کی منظوری دی جائے۔