Monday, May 20, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کسان ریلیف پیکج بحال کر دیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کسان ریلیف پیکج بحال کر دیا
October 15, 2015
اسلام آباد (92نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم کے کسان ریلیف پیکج کوبحال کر دیا ہے۔ عدالت نے کسان پیکج پر الیکش کمیشن کی عائد پابندی کو کالعدم قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق کسان پیکج پر الیکشن کمیشن کی پابندی کے خلاف وفاق کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے سماعت کی۔ دوران سماعت وفاق کی جانب سے اٹارنی جنرل سلمان بٹ نے موقف اختیار کیا تھا کہ ملک بھر کے کسانوں نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا تھا۔ کسانوں کے مطالبات سے متعلق سیاسی قائدین کے بیانات کی نقول بھی عدالت میں پیش کی گئیں۔ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے کسان پیکج کے خلاف جو ضابطہ اخلاق جاری کیا اس میں کسی سیاسی جماعت کی مشاورت شامل نہیں۔ سلما ن بٹ نے وفاق کی جانب سے عدالت کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ کسان پیکج بلدیاتی انتخابات پر ہرگز اثر انداز نہیں ہوگا کیونکہ ریلیف پیکج کسی ایک صوبے کے لئے نہیں بلکہ پورے ملک کے لئے ہے۔ اس پر پابندی سے کسانوں کا استحصال اور زرعی شعبے کو نقصان پہنچے گا۔ اٹارنی جنرل کے دلائل کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے ایڈووکیٹ منیر پرچہ نے جوابی دلائل میں موقف اپنایا تھا کہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ شفاف انتخابات کروائے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیاتھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس نورالحق قریشی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے فیصلہ سناتے ہوئے کسان پیکج کو بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کی ریلیف پیکج پر پابندی کو کالعدم قرار دے دیا۔