Thursday, April 25, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئر پرسن مسابقتی کمیشن ، دو ممبران کو عہدے پر بحال کر دیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئر پرسن مسابقتی کمیشن ، دو ممبران کو عہدے پر بحال کر دیا
February 3, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرپرسن مسابقتی کمیشن ودیا خلیل کو عہدے پر بحال کردیا۔ ممبران مسابقتی کمیشن ڈاکٹر محمد سلیم اور ڈاکٹر شہزاد انصر کی برطرفی کا نوٹیفکیشن بھی کالعدم قرار دے دیا گیا۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ عدالتی فیصلے میں  کہا گیا ہے کہ قانون میں دئیے گئے طریقہ کار کے بغیر حکومت کو برطرفی کا اختیار نہیں۔ فنانس ڈویژن نے 15 اکتوبر 2018 کو چیئرمین پرسن اور دو ممبران کو برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ فنانس ڈویژن نے وفاقی کابینہ کے چار اکتوبر 2018 کے فیصلے کے مطابق نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ ودیا خلیل کو 14 اکتوبر 2017 کو تین سال کے لیے مسابقتی کمیشن  کی  چیئرپرسن مقرر کیا گیا۔ دو ممبران مسابقتی کمیشن کو بھی چار دسمبر 2017 کو تین سال کے لیے تعینات کیا گیا۔ بعدازاں حکومت نے برطرف کر دیا جسے انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ چیلنج کیا تھا۔