Thursday, May 9, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پب جی گیم معطلی کے خلاف درخواست پی ٹی اے کو بھجوا دی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پب جی گیم معطلی کے خلاف درخواست پی ٹی اے کو بھجوا دی
July 6, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پب جی گیم معطلی کے خلاف درخواست پی ٹی اے کو بھجوا دی۔ 8 جولائی تک فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ پابندی لگانی ہے تو لکھیں فلاں قانون کی خلاف ورزی میں لگائی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پب جی گیم معطلی کے خلاف شہری عبدالحسیب ناصر کی درخواست پر جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس عامر فاروق نے وکیل پی ٹی اے سے استفسار  کیا کہ یہ گیم ہے یا ویب سائٹ؟ جس پر وکیل پی ٹی اے نے کہا یہ لنک ہے جس کو عارضی معطل کردیا ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا اس میں کیا ایسا ہے؟ جس کی وجہ سے آپ نے معطل کیا۔ وکیل پی ٹی اے نے جواب میں بتایا کہ کہ لاہور پولیس نے پب جی گیم کے خلاف ایک لیٹر لکھا جس میں خودکشیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ والدین کی جانب سے بھی ہمیں گیم بلاک کرنے کی درخواست دی گئی ہے۔ جسٹس عامرفاروق کے ریمارکس دئیے کہا کہ پی ٹی اے نے جو کچھ کرنا ہے قانون کے مطابق ہی کرنا ہے۔ پابندی لگانی ہے تو لکھیں فلاں قانون کی خلاف ورزی میں لگائی ہے۔ پی ٹی اے قانون کو مدنظر رکھ کر درخواست پر تحریری فیصلہ کرے جبکہ پی ٹی اے درخواست منظور یا مسترد کرتے ہوئے متعلقہ قانون کا ذکرکرے۔ عدالت نے معاملہ پی ٹی اے کو بھجوا تے ہوئے درخواست نمٹا دی۔ پی ٹی اے 8 جولائی کو درخواست گزار کو سن کا فیصلہ کرے گا۔