Tuesday, May 21, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف، مریم اور صفدر کی اپیلیں یکجا کردیں

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف، مریم اور صفدر کی اپیلیں یکجا کردیں
September 23, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلیں یکجا کر دیں۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ پہلے سابق وزیراعظم کی حاضری کے عمل کو دیکھ لیں پھر ایک ساتھ سماعت کریں گے ، عدالت نے نواز شریف کے وارنٹس کی کاؤنٹی کورٹ کے ذریعے تعمیل کی رپورٹ قونصل اتاشی کی ذاتی حیثیت میں وارنٹس تعمیل کی رپورٹ بھی آئندہ سماعت پر طلب کر لی۔

العزیزیہ اورایون فیلڈ ریفرنسز ، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اخترکیانی نے سابق وزیراعظم نوازشریف ، مریم نواز اورکیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلوں کی سماعت کی ، مریم نوازاورکیپٹن ریٹائرڈ صفدرعدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت جسٹس عامر فاروق نے نوازشریف کی حاضری کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں  ،ریمارکس دیے کہ  ان کی حاضری یقینی بنانے کا پراسیس شروع کررکھا ہے ، پہلے اس معاملے کو دیکھ لیں پھرایک ساتھ اپیلوں پرسماعت کریں گے، عدالت نے مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلوں پرسماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی۔

نوازشریف کی اپیلوں کی سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ڈاک کے ذریعے بھجوائے گئے وارنٹ گرفتاری موصول ہو چکے ہیں،کاؤنٹی کورٹ کے ذریعے تعمیل کی رپورٹ جمع کرانے کے لیے مہلت دی جائے۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ اگر ایک مقررہ وقت پتہ چل جاتا کہ 10 دن لگیں گے یا 15 دن تو اس حساب سے تاریخ مقرر کر دیتے ہیں ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ آپ اسے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیں جیسے ہی کاؤنٹی کورٹ کی تعمیلی رپورٹ موصول ہوئی وہ جمع کرا دی جائے گی۔

جسٹس عامرفاروق کا کہنا تھا کہ اس طرح طویل عرصہ کے لیے سماعت ملتوی نہیں کر سکتے ، ایک ہفتے کے لیے سماعت ملتوی کر دیتے ہیں، عدالت نے سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کردی۔