Friday, April 19, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف، مریم اور صفدر کی سزا معطل کر دی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف، مریم اور صفدر کی سزا معطل کر دی
September 19, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو سنائی گئی سزائیں معطل کر دیں ،عدالت نے تینوں کی رہائی کا حکم دے دیا  ۔ عدالت نے پانچ پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت بھی کی ۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں  اسلام آباد ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ آگیا ۔ عدالت نے نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو  احتساب عدالت کی سنائی گئی سزا معطل کرتے ہوئے پانچ پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں پر تینوں کی رہائی کا حکم دیا۔ فیصلہ آنے کے بعد  آٓصف کرمانی ، چوہدری تنویر اور طارق فضل چوہدری نے مچلکے  جمع کرا دیئے ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے  جسٹس اطہر من اللہ  اور جسٹس گل حسن اورنگزیب  پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔ واضح رہے احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ چھ جولائی کو سنایا ۔ جس میں نواز شریف کو دس سال ، مریم نواز کو سات سال جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی  تھی۔ سزا ؤں کے خلاف  16 جولائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ  میں اپیلیں دائر کی گئیں  ، اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے  پانچ سماعتوں میں وکلا  صفائی اور نیب کا موقف سنا ۔ سماعت کے دوران کئی مرتبہ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث اور نیب پراسکیوٹر کے درمیان تلخ جملوں کا  تبادلہ بھی ہوا  جبکہ معزز جج صاحبان کےبھی سخت ریمارکس سامنے آئے ۔ تاہم  سماعت کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے 20 اگست کو فیصلہ موخر کر دیا ، عدالتی تعطیلات کے بعد سزا معطلی کے لئے دائر درخواستوں  پر سماعت پھر سے شروع ہوئی ۔ اس دوران نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے دائرہ کار کو بھی سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تاہم عدالت عظمیٰ نے نیب کی درخواست  نہ صرف مسترد کر دی  بلکہ عدالت کا وقت ضائع  کرنے پر بیس ہزار جرمانہ بھی کیا  جس کے بعد درخواستوں پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک بار سماعت ہوئی ۔ وکیل صفائی خواجہ حارث اور امجد پرویز نے دلائل مکمل کئے تو عدالت نے نیب پراسکیوٹر کے دلائل بھی سنے  ،ابتدا میں فیصلہ محفوظ کیا  جو بعد میں سنا دیا گیا۔