Saturday, April 20, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریق کی عدم حاضری پر یکطرفہ فیصلے سے روک دیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریق کی عدم حاضری پر یکطرفہ فیصلے سے روک دیا
March 25, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) کورونا وائرس کے باعث ہنگامی حالات میں اسلام آباد ہائیکورٹ  نے بڑا فیصلہ کر دیا،  کسی فریق کی عدم حاضری پر عدالتوں کو یکطرفہ فیصلے سے روک دیا ، عدالتی فیصلوں کے خلاف اپیل دائر کرنے کی میعاد کی شرط بھی ختم کردی گئی۔

کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں ہنگامی حالات ہیں ، لاک ڈاؤن کے باعث سائلین کو عدالت پیشی میں مشکلات کا سامنا ہے ، عدالت نہ پہنچنے کی صورت میں یک طرفہ فیصلے کا خوف  بھی ہے ، مگر اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائلین کی پریشانی دور کردی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے تمام عدالتوں کو فریق کی عدم حاضری پر یک طرفہ فیصلے سے روک دیا ، اسلام آباد کی تمام عدالتوں میں عدم حاضری پر مقدمہ خارج بھی نہیں ہوگا۔

کسی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے میں مقرر وقت کی میعاد بھی ختم کردی گئی  ، ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے جاری ایمرجنسی ختم ہونے تک پابندیوں میں نرمی کی گئی۔

چیف جسٹس کے حکم پر رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔