Thursday, March 28, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق ڈی جی پارکس کراچی کے رشتے داروں کی گاڑیوں کی ضبطگی غیر قانونی قرار دیدی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق ڈی جی پارکس کراچی کے رشتے داروں کی گاڑیوں کی ضبطگی غیر قانونی قرار دیدی
November 27, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سابق ڈی جی پارکس کراچی کے بھائیوں ، رشتے داروں کی گاڑیوں کی ضبطگی غیر قانونی قرار دیدی گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائمخانی کے گھر پر نیب چھاپے کے دوران بھائیوں اور رشتہ داروں کی گاڑیوں کو تحویل میں لینے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیب صرف وہی جائیداد ضبط کر سکتا ہے جس کا زیر تفتیش کیس سے تعلق ہو۔

عدالت عالیہ نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ ضبط کی گئی جائیداد کا ملزم اور جرم سے تعلق ہونا ضروری ہے۔ لیاقت قائمخانی کے گھر سے برآمد آٹھ میں سے پانچ گاڑیوں کی ضبطگی غیر قانونی تھی۔ نیب شاہ رخ جمال اور دیگر  کی گاڑیوں کی ضبطگی کا کیس سے تعلق نہیں دکھا سکا۔ شاہ رخ جمال، محمد طیب اور حارث کی گاڑیاں واپس نہ کرنے کا احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔

عدالت نے قرار دیا ہے کہ تینوں افراد کے اپنے کاروبار موجود ہیں۔ نیب گاڑیوں کا لیاقات قائمخانی سے تعلق نہیں دکھا سکا۔ احتساب عدالت پانچوں گاڑیاں جلد اپنے اصل مالکان کے حوالے کرائے۔

دوسری طرف احتساب عدالت اسلام آباد نمبر 2 کے جج محمد اعظم خان نے نئے نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت زیرسماعت ریفرنسز کی موجودہ حیثیت سے متعلق چیئرمین نیب کو خط  لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ نیب  نے  جو کیسز واپس لینے یا ختم کرنے ہیں ان کی فہرست فراہم کی جائے۔ اس سے عدالتی وقت بچے گا۔