Sunday, May 19, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ میں نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست سماعت کے لئے مقرر

اسلام آباد ہائیکورٹ میں نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست سماعت کے لئے مقرر
May 23, 2019
 لاہور (92 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست سماعت کے لئے مقرر کر دی گئی۔ طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی درخواست پر سماعت 11 جون کو ہو گی۔ قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں نواز شریف کی جانب سے طبی بنیادوں پر دائر درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی تھی ، عدالت نے کوٹ لکھپت جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو  نوٹس جاری کیا تھا جبکہ نیب سے بھی جواب طلب کیا تھا۔ نواز شریف نے  اسلام آباد ہائیکورٹ سے بیرون ملک  علاج کیلئے رجوع  کیا تھا، درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ علاج ممکن ہے تو صرف بیرون ملک میں ، درخواست کیساتھ غیر ملکی ڈاکٹرز کی رائے اور میڈیکل بورڈ کی رپورٹ بھی لف کی گئیں۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے موقف اپنایا تھا کہ انکے موکل دل کی شریانوں کے عارضے میں مبتلا ہیں، ان کا علاج ممکن ہے تو صرف بیرون ملک  میں ۔ درخواست میں بتایا گیا تھا کہ چھ ہفتے کی ضمانت کے دوران ٹیسٹ بھی جان لیوا مرض کو ظاہر کررہے ہیں ، شریانوں کے عارضے کے سبب ہارٹ اٹیک کا خدشہ بھی ظاہر کردیا۔ درخواست میں واضح کیا گیا تھا کہ پاکستان اور بیرون ملک کے تمام ڈاکٹرز متفق ہیں کہ جیل میں نواز شریف کا علاج ممکن نہیں ، نوازشریف چاہتے ہیں ان کا علاج بیرون ملک انہی ڈاکٹرز سے کرایا جائے جن سے وہ مطمئن ہیں۔ نوازشریف نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ سیاسی مخالفین پروپیگنڈہ کر رہے ہیں کہ بیرون ملک علاج این آر او لینے کی کوشش ہے ،  سزا معطلی کی درخواست کو این آر او کہنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، اگر سزا معطل کی گئی تو اس سے پراسیکیوشن کے کیس پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔