Friday, May 17, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ میں آئندہ ہفتے العزیزیہ ریفرنس سمیت اہم مقدمات کی سماعت ہوگی

اسلام آباد ہائیکورٹ میں آئندہ ہفتے العزیزیہ ریفرنس سمیت اہم مقدمات کی سماعت ہوگی
December 14, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں آئندہ ہفتے اہم مقدمات کی سماعت ہوگی۔ نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل سمیت اہم مقدمات کی سماعت ہوگی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں اہم مقدمات سماعت کیلئے مقرر کرلیے گئے، رجسٹرار آفس نے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری کردی۔ پی ٹی آئی رہنماء ابرار الحق کی بطور چیئرمین ہلال احمرتعیناتی کے خلاف کیس کی سماعت 16 دسمبر کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے 2 ممبران کی تعیناتی کیلئے حکومت کو دی گئی 10 روز کی مہلت منگل کو ختم ہوگی، چیف جسٹس اطہر من اللہ ممبران کی تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت 17 دسمبر کو کریں گے۔ ایل این جی ریفرنس میں گرفتار لیگی رہنماء مفتاع اسماعیل کی درخواست ضمانت، جعلی بنک اکائونٹس کیس میں گرفتار پیپلزپارٹی کی رہنماء فریال تالپور کی ضمانت پر درخواست سماعت بھی چیف جسٹس کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ 17 دسمبر کو کرے گا۔ العزیزیہ ریفرنس میں سزا یافتہ نوازشریف کی سزا کے خلاف اپیل 18 دسمبر کو سماعت کیلئے مقرر کرلی گئی۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ سماعت کرے گا۔ عدالتی کارروائی میں مداخلت پر سیکرٹری ہائیکورٹ بار عمیر بلوچ کو جاری شوکاز نوٹس پر سماعت 19 تاریخ کو ہوگی۔