Thursday, April 25, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ، فیصل واوڈا کی الیکشن کمیشن میں نااہلی کیس رکوانے کی انٹراکورٹ اپیل بھی مسترد

اسلام آباد ہائیکورٹ، فیصل واوڈا کی الیکشن کمیشن میں نااہلی کیس رکوانے کی انٹراکورٹ اپیل بھی مسترد
December 9, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصل واوڈا کی الیکشن کمیشن میں نااہلی کیس رکوانے کی انٹراکورٹ اپیل بھی مسترد کردی۔ الیکشن کمیشن کو نااہلی کیس کا 2 ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم برقرار رکھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے فیصل واوڈا کی اپیل پر فیصلہ سنایا۔ دوران سماعت جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ بیان حلفی سپریم کورٹ کے احکامات کے نتیجے میں دیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن میں کیا کارروائی چل رہی ہیں جو آپ رکوانا چاہتے ہیں؟۔

وکیل فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ مدمقابل امیدوار نے ان کے موکل کے خلاف بیان حلفی کی بنیاد پر نااہلی کی درخواست دے رکھی ہے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سوال اٹھایا کہ اگر آپ الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کراتے ہیں تو بیان حلفی جمع کراتے ہیں۔ اگر گزشتہ الیکشن میں جمع کرایا گیا بیان حلفی بھی جھوٹا ہو تو وہ امیدوار الیکشن لڑنے کا اہل نہیں۔ فیصل واوڈا نے جو بیان حلفی دیا تھا کیا وہ درست تھا؟۔

وکیل نے بتایا کہ بیان حلفی درست تھا۔۔ہم نے الیکشن کمیشن میں بھی لکھ کر دے رکھا ہے۔ اس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ پھر آپ کو کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہئے۔۔ بیان حلفی کی جانچ مکمل ہونے دیں۔

ادھر بھی آپ نے ڈیڑھ سال جواب جمع نہیں کرایا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو ایک ماہ میں معاملہ نمٹانے کی ہدایت کردی۔