Thursday, April 25, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ ، ایون فیلڈریفرنس کے مجرموں کی سزا معطلی کا فیصلہ موخر

اسلام آباد ہائیکورٹ ، ایون فیلڈریفرنس کے مجرموں کی سزا معطلی کا فیصلہ موخر
August 20, 2018
اسلام آبا د( 92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں مجرموں  نواز شریف، مریم نواز اور صفدر کی سزا معطلی کی درخواستوں پر فیصلہ گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد تک موخر کر دیا ۔ دوران ساعت جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس میں کہا کہ  مناسب حکمنامہ جاری کریں گے ، نہیں چاہتے کہ دوسرے فریق کا کیس متاثر ہو ، یہ آف شور کمپنیوں کا کیس ہے، ہم کوئی ابزرویشن نہیں دینا چاہتے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ التوفیق کیس میں نوازشریف کا کیا لینا دینا ہے؟ ، جس پر نیب پراسیکیوٹر سردار مظفرنے کہا کہ مریم نواز اور حسین نواز ڈائریکٹر شئیر ہولڈر اور حسن نواز شئیر ہولڈرتھے۔ایڈیشنل پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ کا کہناتھا کہ نائن اے فائیو بھی کرپشن ہے، معلوم ذرائع سے زیادہ جائیداد بنائی گئی ہے۔ جسٹس میاں گل نے ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل نیب پرشدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پورا دن کتاب پڑھنی ہے تو بتا دیں۔آپ نے ایک قانونی نکتے پر بھی بات نہیں کی۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ لندن فلیٹس کمپنی کی ملکیت ہیں، کسی شخص کےنہیں، جس پر سردار مظفرنے کہا کہ عدالت کو شواہد سے بتاؤں گا کہ نیلسن نیسکول کا مالک کون ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل کے بعد درخواستوں پر پہلے فیصلہ محفوظ کیا جسے بعد ازاں گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد تک موخرکر دیا گیا ۔