Friday, March 29, 2024

اسلام آباد ہائی کورٹ کا وکلاء حملے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد ہائی کورٹ کا وکلاء حملے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ
February 13, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وکلاء حملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

ہائی کورٹ حملہ کے بعد وکلاء کی گرفتاریوں سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کی۔ دوران سماعت اسلام آباد پولیس نے ہائی کورٹ واقعہ پر جے آئی ٹی بنانے کی تجویزدے دی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ پولیس کے سینیر افسر کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دی جائے گی۔ حملے میں ملوث دیگر افراد کی نشاندہی بار کرے۔ چیف کمشنر اسلام آباد متعلقہ بارز کو تحریری طور پر اس پیش رفت سے آگاہ کریں۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ بتایا گیا کہ وکلاء آج ڈی چوک کی طرف مارچ کر رہے ہیں، کیونکہ ڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس تعمیر نہیں کیا جا سکا۔ جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کا پلان منظورہو چکا ہے۔ کنسلٹنٹ بھی ہائر کر لیا گیا ہے۔ مستقبل میں تعمیر شروع ہو گی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر بارز پہلے دن سے معاونت کرتیں تو اس طرح بے گناہ وکلاء کو ہراساں کرنے کے واقعات نہ ہوتے، جو یہاں پر آئے تھے وہ سب وکیل تھے۔ باہر سے کوئی نہیں تھا۔ آدھے سے زائد کو میں جانتا ہوں، جو واقعہ میں ملوث ہیں انہیں بھی فیئر ٹرائل کا موقع ملنا چاہیے۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ کا کہنا تھا 8 فروری کو احتجاج کی ضرورت ہی نہیں تھی۔ جب سے میں چیف جسٹس بنا۔ تب سے کچہری کے لیے کام کر رہا ہوں۔

عدالت نے سماعت 15 فروری تک ملتوی کردی۔