Thursday, March 28, 2024

اسلام آباد ہائی کورٹ کا سامان سے بھرے کنٹینرز کی نقل و حمل میں رکاوٹ نہ ڈالنے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ کا سامان سے بھرے کنٹینرز کی نقل و حمل میں رکاوٹ نہ ڈالنے کا حکم
November 2, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سامان سے بھرے کنٹینرز کی نقل و حمل میں رکاوٹ نہ ڈالنے کا حکم دے دیا۔ آزدای مارچ اور انتظامیہ کی جانب سے کنٹنیرز کی پکڑ دھکڑ پر اسلام آباد ہائی کورٹ کا کنٹنیرز قبضے میں لینے کے خلاف درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا۔ 9 صفحات پر مشتمل فیصلہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس اطہر من اللہ نے تحریر کیا اور مالکان کی مرضی کے بغیر کنٹینرز قبضہ میں لینا غیر قانونی قرار دے دیا۔ وفاقی حکومت کو سامان سے لدے کنٹینرز کی نقل و حمل میں رکاوٹ نہ ڈالنے کا بھی حکم دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ اگر کوئی بھی کنٹینر غیر قانونی طور پر روکا یا قبضہ میں لیا گیا تو نقصان پورا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ وفاقی حکومت کو کنٹینرز کے ذریعے سامان کی بلا رکاوٹ ترسیل یقینی بنائے کی بھی ہدایت کر دی اور کہاملک میں ایسا کوئی قانون نہیں جو شہریوں کو قانونی کاروبار کرنے کے حق سے محروم کرے۔ ریاست صرف عوام کے تحفظ ، امن اور صحت کے لیے تجارت کو کنٹرول اور ریگولیٹ کر سکتی ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پکڑے گئے کنٹینرز کے معاوضے کیلئے مالکان کو متعلقہ فورم پر رجوع کرنے کی ہدایت کر دی اور توقع ظاہر کی ایسی شکایات کی وصولی کیلئے وفاقی حکومت کوئی مجاز افسر مقرر کرے گی۔