Saturday, April 20, 2024

اسلام آباد ہائی کورٹ کا آن لائن گیم پب جی کو فوری کھولنے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ کا آن لائن گیم پب جی کو فوری کھولنے کا حکم
July 24, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے آن لائن گیم پب جی کو فوری کھولنے کا حکم دے دیا۔ آن لائن گیم پب جی کھیلنے والوں کیلئے خوش خبری آ گئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی اے کا پب جی پر پابندی کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ جسٹس عامر فاروق نے گیم پر پابندی کے خلاف محفوظ مختصر فیصلہ سنایا اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ گیم کو فوری طور پر کھول دے۔ پی ٹی اے کو گیم سے متعلق درخواستوں پر سات روز میں دوبارہ فیصلے کرنے کا بھی حکم دے دیا گیا۔ قرار دیا کہ تحریری آرڈر میں پب جی کے حوالے سے مکمل تفصیلات فراہم کرے۔ کیس کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائیگا۔ یکم جولائی کو پی ٹی اے نے مختلف طبقات سے شکایات موصول ہونے کے بعد پب جی گیم پر پابندی عائد کر دی تھی جس کے بعد سوشل میڈیا پر سخت ردعمل سامنے آیا۔ سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ ساتھ کچھ سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کی جانب سے بھی اس پر آواز اٹھائی گئی۔ سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر 'پب جی ان پاکستان'، 'ان بین پب جی پاکستان' جیسے ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرتے رہے جبکہ پاکستان میں پب جی کنٹرول کرنے والی کمپنی نے پی ٹی اے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا تھا۔ سماعت سے قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی اے نے بتایا تھا کہ گیم کی انتظامیہ سے پب جی کے سیشنز، اس کو پاکستان میں استعمال کرنے والوں کی اور کمپنی کی طرف سے نافذ کردہ کنٹرولز کی تفصیلات طلب کی تھیں تاہم پب جی کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا ، لہٰذا پی ٹی اے نے فیصلہ کیا ہے کہ آن لائن گیم پب جی پر پابندی برقرار رہے گی۔