Friday, April 26, 2024

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی وی نعیم بخاری کو کام سے روک دیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی وی نعیم بخاری کو کام سے روک دیا
January 14, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی وی نعیم بخاری کو کام سے روک دیا۔ عدالت نے معاملہ وفاقی کابینہ کو بھیج دیا۔

چیئرمین پی ٹی وی نعیم بخاری کی تعیناتی کےخلاف کیس پر چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے سماعت کی۔ عدالتی حکم پر وزارت اطلاعات کا نمائندہ پیش ہوا، اٹارنی جنرل نہ آئے۔

چیف جسٹس کے استفسار پر وزارت اطلاعات کے نمائندہ نے بتایا کہ عمر کی حد میں نرمی کی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ کو ایک سمری 13 اور دوسری 26 نومبر کو بھیجی گئی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آپ نے خود ہی نعیم بخاری کی تقرری کرکے سمری کابینہ کو بھجوا دی۔ وزارت اطلاعات چیئرمین کی تقرری کی مجاز نہیں۔ آپ نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں پڑھا؟ اُس میں کیا لکھا ہے؟ تنخواہ لیں یا نہ لیں وہ الگ بات ہے۔ طریقہ کار کے بارے میں بتائیں۔ وزارت اطلاعات کے نمائندے کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ لکھا ہے کہ وہ اس عہدے کیلئے قابل ہیں اور ان کا کافی تجربہ بھی ہے۔

چیف جسٹس نے دوبارہ استفسار کیا کہ عمر کی حد میں نرمی کیلئے آپ نے وجہ کیا لکھی ہے؟سپریم کورٹ نے واضح لکھا ہے کہ وفاقی حکومت کسی کو چیئرمین نہیں بنا سکتی۔ چیئرمین کیلئے الیکشن کرایا جائے گا۔ وزارت اطلاعات نے عطا الحق قاسمی کیس میں جوغلطیاں کیں وہی اب دہرائیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عدالت عمومی طور پر ایگزیکٹو کے معاملات میں مداخل نہیں کرتی۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ وفاقی کابینہ کے سامنے رکھیں اور اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں۔ عدالت نے سماعت 2 ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔