Thursday, April 25, 2024

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق سکھیرا کو بحال کر دیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق سکھیرا کو بحال کر دیا
June 14, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق سکھیرا کو بحال کر دیا۔ عدالت نے وفاقی حکومت کی جانب سے جاری برطرفی کے احکامات معطل کر دئیے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مشتاق سکھیرا کی درخواست پرسماعت کی۔ عدالت نے قرار دیا کہ مشتاق سکھیرا کو ہٹانے کا حکم آئندہ سماعت تک معطل رہے گا۔ مشتاق سکھیرا بحالی کے باوجود آئندہ سماعت تک اختیارات کا استعمال نہ کریں۔

مشتاق سکھیرا نے اپنی درخواست میں صدر پاکستان اور وزارت قانون کوفریق بناتے ہوئے عدالت سے برطرفی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی استدعا کی تھی۔

قبل ازیں حکومت نے وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق احمد سکھیرا کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ صدرمملکت کی منظوری کے بعد وزارت قانون و انصاف نے مشتاق احمد سکھیرا کا 31 اگست 2017 کو بطور وفاقی ٹیکس محتسب تعیناتی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا تھا۔