Thursday, April 25, 2024

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف کی ضمانت پر سوال اٹھا دئیے

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف کی ضمانت پر سوال اٹھا دئیے
August 17, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی ضمانت پر سوال اٹھا دئیے۔ نواز شریف ضمانت پر ہیں یا نہیں، ان کی سزا جو معطل کی تھی وہ برقرار ہے یا نہیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کی ضمانت کے اسٹیٹس کی تفصیلات مانگ لیں۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی احتساب عدالت میں نمائندہ مقرر کرنے کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی جس میں استفسار کیا کہ اس عدالت میں نواز شریف کی دو اپیلیں زیر التوا ہیں، اٹھ ہفتے کی ضمانت کا کیا اسٹیٹس ہے؟جس پر وکیل بیرسٹر جہانگیر جدون نے بتایا کہ ابھی ضمانت قائم ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ ہم نے پنجاب حکومت کو کہا تھا  کہ وہ ضمانت میں توسیع کا معاملہ دیکھے گی۔ ملزم کی اس عدالت کی جانب سے دی جانے والی ضمانت غیر موثر ہو چکی ہے۔ نواز شریف کی ضمانت ہے یا نہیں پہلے ہمیں یہ کلئیر کریں۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس میں کہا اگر آپ کی ضمانت کینسل ہے تو اس پر ملزم کا اسٹیٹس کیا ہے؟ بظاہر اس عدالت کے فیصلے کی حد تک ملزم اشتہاری ہو چکا ہے۔ نواز شریف کی سزا جو معطل کی تھی وہ برقرار ہے یا نہیں یہ بتائیں؟ جس پر جہانگیر جدون نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ضمانت میں توسیع دی تھی لیکن ابھی آرڈر کاپی میرے پاس نہیں۔ نواز شریف ضمانت پر ہیں یا مفرور؟ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 20 اگست تک تمام ریکارڈ طلب کر لیا۔