Wednesday, May 8, 2024

اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں مانٹیسوری کلاسز شروع کرنے کا اعلان

اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں مانٹیسوری کلاسز شروع کرنے کا اعلان
January 11, 2017

اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں مانٹیسوری اور پلے گروپ کی کلاسز شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ سرکاری اسکولوں میں ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔ وزیراعظم نے دعوی کیا کہ ان کی حکومت سرکاری اسکولوں کی حالت بدل دے گی اور اس حوالے سے اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنا دیاجائے گا۔

تفصیلات کے مطابق تعلیمی نظام میں بہتری کی جانب حکومت نے اہم قدم اٹھا لیا۔    اب مانٹیسوری اور پلے گروپ کی کلاسز صرف پرائیویٹ اسکولز تک محدود نہیں رہیں گی بلکہ سرکاری اسکولوں میں بھی یہ سہولت مل سکے گی لیکن ابھی اسلام آباد کے رہائشی اس سے فائدہ اٹھائیں گے۔ وزیراعظم نے اس اہم پیش رفت کا اعلان کردیا۔

تعلیمی اصلاحات پروگرام کے سلسلے میں اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں وزیراعظم نوازشریف اور مریم نواز نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ تمام بچے پڑھ لکھ کر ملک کی خدمت کے قابل ہوں۔ مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس کے لئے ہرممکن قدم اٹھایا جائے گا۔

تقریب میں سماعت اور گویائی سے محروم بچی نے اشاروں کی مدد سے وزیراعظم کا خاص شکریہ ادا کیا جبکہ وزیراعظم نوازشریف نے اسکولوں کے لئے اعلان کردہ ماڈل بس کا کیک بھی کاٹا۔

تعلیمی اصلاحات کے بارے میں وزیراعظم کے پروگرام کے تحت اسلام آباد کے سکولوں اورکالجوںکو مرحلہ وار 200 نئی بسیں فراہم کی جائیں گی۔ کیڈ کے وزیر مملکت طارق فضل چوہدری، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور مریم نوازشریف بھی اس موقع پر موجود تھیں۔