Tuesday, May 7, 2024

اسلام آباد کے رہائشیوں کیلئے پراپرٹی ٹیکس میں 200 فیصد اضافہ کالعدم قرار

اسلام آباد کے رہائشیوں کیلئے پراپرٹی ٹیکس میں 200 فیصد اضافہ کالعدم قرار
December 23, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد کے رہائشیوں کیلئے پراپرٹی ٹیکس میں 200 فیصد اضافہ کالعدم قرار دے دیا گیا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے اسلام آباد پراپرٹی ٹیکس کیسز کا محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن کو پرانے ریٹس پر ٹیکس وصولی کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا کہ ٹیکس وصولی سی ڈی اے کا نہیں بلکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کا اختیار ہے۔

عدالت نے سی ڈی اے کی جانب سے پراپرٹی ٹیکس وصولی غیر قانونی قرار دیتے ہوئے 2015ء کے بعد سے سی ڈی اے کی جانب سے پراپرٹی ٹیکس سے وصول شدہ رقم کا آڈٹ کرانے کا حکم دیا۔ عدالت نے سی ڈی اے کو پراپرٹی ٹیکس کی رقم لوکل گورنمنٹ فنڈ میں منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے پراپرٹی ٹیکس میں اضافے کے خلاف درخواستیں منظور کر لیں۔

جماعت اسلامی سمیت دیگر شہریوں نے پراپرٹی ٹیکس میں اضافے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔