Friday, May 3, 2024

اسلام آباد کے ارجنٹائن پارک پر ہسپتال تعمیر ہو گا‘ قبضہ پولی کلینک انتظامیہ کے حوالے

اسلام آباد کے ارجنٹائن پارک پر ہسپتال تعمیر ہو گا‘ قبضہ پولی کلینک انتظامیہ کے حوالے
May 7, 2016
اسلام آباد (92نیوز) برسوں میں جو کام پرویز مشرف سمیت 3 وزرائے اعظم نہ کر سکے وہ نواز شریف نے کر دکھایا۔ ارجنٹائن پارک کی زمین پولی کلینک انتظامیہ کے حوالے کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے شہری 14 سالہ لڑائی ہار گئے۔ پولی کلینک انتظامیہ جیت گئی۔ پرویز مشرف، شوکت عزیز، یوسف رضا گیلانی اور پرویز اشرف نے پارک کو ہسپتال میں تبدیل کرنے کی کوشش کی مگر کامیاب نہ ہو سکے۔ نواز حکومت نے مکھن سے بال نکال دیا۔ اب سرسبز اور خوبصورت پارک میں سیروتفریح ختم ہونے والی ہے۔ ارجنٹائن حکومت کی جانب سے دیے گئے تحفے کی یہ یادگاریں بھی اب گرنے کو ہیں۔ رنگ برنگے پھولوں پر بلڈوزر چلیں گے۔ وزیر اعظم نواز شریف کی منظوری کے بعد پولی کلینک انتظامیہ کو ارجنٹائن پارک کی 2 ایکڑ 2 کنال 10 مرلے کی زمین پر عمارت تعمیر کرنے کا اجازت نامہ مل گیا۔ سی ڈی اے نے چار کروڑ 83 لاکھ روپے کی وصولی بھی کر لی۔ ہسپتال انتظامیہ کہتی ہے کہ منصوبہ وقت کی ضرورت ہے۔ شہری نالاں ہیں کہ ان کے پاس ایک ہی پارک تھا وہ بھی ختم ہونے جا رہا ہے۔ سی ڈی اے کسی بھی جگہ ہسپتال تعمیر کر سکتی تھی، پارک بچیں گے تو لوگ جئیں گے۔