Sunday, September 8, 2024

اسلام آباد : کنٹرول لائن پربلااشتعال فائرنگ،بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکی دفترخارجہ میں طلبی

اسلام آباد : کنٹرول لائن پربلااشتعال فائرنگ،بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکی دفترخارجہ میں طلبی
August 17, 2015
اسلام آباد(92نیوز)بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر لیا گیا پاکستان نے بھارت سے کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے تین شہریوں کی شہادت اور 15 شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ۔ تفصیلات کےمطابق کشمیر میں سیز فائر لائن پر بلا اشتعال بھارتی فائرنگ پر پاکستان نے شدید احتجاج کیا ہے اور بھارت پر زور دیا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کر کے پاکستان کو اگاہ کیا جائے۔ اسلام آباد میں تعینات بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ میں طلب کیا گیا اور بتایا گیا کہ 15 اگست اور 16 اگست کو آذاد کشمیر کے علاقے کوٹلی میں نکیال سیکٹر میں بلا اشتعال بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں تین شہری شفیع خان ، شاہ پال خان اور سارہ خاتون شہید اور پندرہ شہری زخمی ہو گئے، دفتر خارجہ کے حکام نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر پر زور دیا کہ بھارتی افواج کو سیز فائر معاہدے کے احترام کا پابند کیا جائے۔ دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دو ماہ میں ستر مرتبہ بھارتی افواج سیز فائر لائن اور باقائدہ سرحد کی خلاف ورزی کر چکی ہیں۔ بھارتی افواج کی یہ اشتعال انگیزی پاکستان کے لیے افسوس اور گہری تشویش کا باعث ہے ، بھارتی فوج کی طرف سے فائرنگ کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔