Saturday, May 18, 2024

اسلام آباد: کسٹم کے چھاپے، کروڑوں کا سمگل شدہ سامان برآمد کرلیا

اسلام آباد: کسٹم کے چھاپے، کروڑوں کا سمگل شدہ سامان برآمد کرلیا
January 22, 2017

اسلام آباد (92نیوز) محکمہ کسٹم کے انسداد سمگلنگ ونگ کی اسلام آباد ٹول پلازہ اور موٹروے ٹول پلازہ پر بڑی کارروائیاں۔ غیرملکی سگریٹ سمیت کروڑوں مالیت کا سمگل شدہ سامان برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ کسٹم کے انسداد سمگلنگ ونگ نے اسلام آباد ٹول پلازہ پر کارروائی کرکے 51 لاکھ روپے کا سمگل شدہ مال برآمد کر لیا۔ سمگل شدہ مال میں 300 ڈیجیٹل ڈش اور ایک ہزار چار سو چالیس کلو بال بیئرنگ شامل ہیں۔

محکمہ کسٹم کےمطابق سامان کو ایک بس کے ذریعہ سمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ سمگل شدہ سامان اور بس کو کسٹم گودام منتقل کر دیا گیا ہے۔ محکمہ کسٹمز کے انسداد اسمگلنگ سیل نے ایک ہی دن میں دوسری بڑی کارروائی کرتے ہوئے بس کے خفیہ خانوں سے سمگل شدہ سگریٹس، رسیورز برآمد کرلئے۔ کارروائی موٹروے ٹول پلازہ کے قریب کی گئی۔

سامان میں 21 ہزار کاٹن غیرملکی سگریٹ اور 990 رسیورز شامل ہیں۔ پکڑے گئے سامان کی مالیت 61 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ مجموعی کارروائیوں کے دوران پکڑے گئے سامان کی مالیت 1 کروڑ 20 لاکھ سے زائد ہے۔ کسٹم حکام کےمطابق غیرملکی سگریٹ اور رسیورز پشاور سے لاہور سمگل کیے جا رہے تھے۔