Friday, March 29, 2024

اسلام آباد : کسٹم حکام نے موٹر وے ٹول پلازہ پر قیمتی گاڑیوں کی سمگلنگ پکڑ لی

اسلام آباد : کسٹم حکام نے موٹر وے ٹول پلازہ پر قیمتی گاڑیوں کی سمگلنگ پکڑ لی
September 22, 2016
اسلام آباد (92نیوز) موٹروے سمگلروں کے لیے سب محفوظ روٹ سمجھا جانے لگا۔ پشاور سے لاہورتک غیرملکی اشیاءکی سمگلنگ کے لیے یہی روٹ استعمال کیا جاتا ہے۔ کسٹم کے انسداد سمگلنگ سیل نے موٹروے پر غیرملکی گاڑیوں سے بھرے دوٹرک پکڑ کر سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ تفصیلات کے مطابق سمگلنگ کا دھندہ کرنے والوں کے لیے ایم ون اور ایم ٹو موٹروے آسان روٹ سمجھے جاتے ہیں کیونکہ کسٹم حکام کی براہ راست رسائی نہ ہونے کے باعث کروڑوں روپے مالیت کی غیرملکی اشیاءباآسانی پنجاب کے مختلف اضلاع تک پہنچ جاتی ہیں تاہم کسٹم کے انسداد سمگلنگ سیل کی کاروائیوں کے باعث اب صورتحال قدرے بہتر ہورہی ہے۔ کسٹم اینٹی سمگلنگ سیل کی جانب سے خفیہ اطلاع پر اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب کی بڑی کارروائی کے دوران غیرملکی گاڑیوں سے بھرے دوٹرک پکڑ لئے گئے۔ کسٹم سپرنٹنڈنٹ ضرغام دل کا کہنا ہے کہ گاڑیاں پارٹس کی شکل میں لاہور سے سوات سمگل کی جارہی تھیں جن کی ویلیو سرکاری طور پر ایک کروڑ تیس لاکھ سے زائد ہے۔ قبضے میں لی گئی گاڑیوں کو کسٹم وئیر ہاوس منتقل کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ کسٹم ذرائع کا کہنا ہے کہ موٹروے کی جانب سے کسٹم کی چھاپہ مار ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون نہیں کیا جاتا جس کا سمگلر فائدہ اٹھا رہے ہیں اور کسٹم کی ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں ملکی خزانے کو روزانہ کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔