Wednesday, April 24, 2024

اسلام آباد‘ کراچی‘ لاہور سمیت ملک بھر میں پانی کا مسئلہ سنگین‘ شہریوں کا احتجاج

اسلام آباد‘ کراچی‘ لاہور سمیت ملک بھر میں پانی کا مسئلہ سنگین‘ شہریوں کا احتجاج
May 28, 2016
اسلام آباد / کراچی / لاہور (92نیوز) گرمیوں کا موسم آتے ہی ملک بھر میں پینے کے پانی کا مسئلہ سر اٹھانے لگا ہے۔ پانی کی کمی نے مختلف شہروں کے مکینوں کو عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے۔ آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد‘ کراچی اور لاہور میں پانی کی کمی کیخلاف مظاہرے بھی کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق جیسے جیسے درجہ حرارت بڑھ رہا ہے اسلام آباد میں پینے کے پانی میں کمی آ رہی ہے۔ سی ڈی اے حکام زمینوں کے لین دین‘ کچی آبادیوں کی آباد کاری میں بدعنوانی کے ساتھ شہر بھر میں غیرقانونی پانی کے کنکشن لگانے میں بھی کسی سے پیچھے نہیں رہے۔ پینے کے پانی کی چوری اور لیکیج سے جہاں وفاقی دارلحکومت پانی کے بحران کا شکار ہو رہا ہے وہاں قومی خزانے کو روزانہ 9 کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ ادھر گرمی بڑھتے ہی لاہور میں بھی پانی کے مسائل نے سر اٹھا لیا ہے۔ کہیں نلوں میں پانی نہیں آتا تو کہیں شہری زہرآلود پانی پینے پر مجبور ہیں۔کئی دہائی پہلے بچھائی گئی پانی کی زیرزمین پائپ لائنیں بوسیدہ ہو چکی ہیں۔ کہیں گٹروں کا پانی مکس ہو رہا ہے تو کہیں پائپ لائنیں اتنی مخدوش ہو چکی ہیں کہ پانی گھروں کے نلکوں تک ہی نہیں پہنچ پاتا۔ پاکستان کی معاشی حب کراچی کی صورتحال بھی ملک کے دوسرے شہروں سے کچھ مختلف نہیں ہے۔ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پانی نہ ملنے کی شکایات تو عام ہیں لیکن بلدیہ کے علاقے کمہار واڑہ کے مکین گزشتہ چار ماہ سے پانی پانی کی فریادیں کر رہے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ان کے علاقے کا پانی سائیٹ میں واقع بڑی بڑی فیکٹریوں کو دیا جا رہا ہے۔ احتجاج میں شامل خواتین کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک قریب ہے لیکن پانی نہ ہونے کی وجہ سے انہیں اور ان کے بچوں کو شدیدپریشانی کا سامنا ہے۔ گزشتہ روز بھی بلدیہ کے علاقے میں پانی نہ ملنے کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے روڈ کو احتجاجاً بند کر دیا تھا۔ یہ صورتحال صرف کراچی کے دو تین علاقوں تک ہی محدود نہیں شہر قائد کے زیادہ تر علاقوں کے مکین تمام دن پینے کے پانی کے انتظار میں گزار دیتے ہیں۔