Thursday, September 19, 2024

اسلام آباد ، پی ٹی آئی نے قاسم سوری کو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نامزد کر دیا

اسلام آباد ، پی ٹی آئی نے قاسم سوری کو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نامزد کر دیا
August 13, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) تحریک انصاف نے قاسم سوری کو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کیلئے نامزد کردیا ،مشتاق غنی کو خیبر پختونخوااسمبلی کا اسپیکر اور محمود جان کوصوبائی اسمبلی کا ڈپٹی اسپیکر نامزد کیاگیاہے۔ عام انتخابات میں این اے265 کے میدان میں بڑے بڑے  امیدوار پنجا آزمانے کیلئے کودے  ، پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئر مین محمود خان اچکزئی ، جمعیت علماءاسلام کے حافظ حمد اللہ، بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے حاجی لشکری رئیسانی اور مسلم لیگ ن کی راحیلہ حمید درانی بھی اس نشست پر انتخاب لڑ رہی تھیں۔ تاہم اس نشست پر میدان جیتا پاکستان تحریک انصاف کے قاسم خان سوری نے جن کے ووٹوں کی تعداد25ہزار973تھی  ، پاکستان تحریک انصاف نے اس نشست پر تاریخی کامیابی حاصل کرنے پر قاسم خان سوری کو قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے لئے نامزد کر دیا ۔ عمران خان کے اس فیصلے نے یہ ثابت کردیا کہ کپتان اپنی ٹیم کے ہر کھلاڑی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور اگر انکی ٹیم کا کوئی کھلاڑی اچھا پرفام کرے گا تو اسے انعام بھی دیا جائے گا۔ قاسم خان سوری کا کہنا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا عہدہ میرے اور خصوصاً بلوچستان کے لئے باعث فخر ہے کوشش ہو گی کہ بلوچستان سمیت پورے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔ پی ٹی آئی نے مشتاق غنی کو اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اور محمود جان کو ڈپٹی اسپیکر نامزد کر دیا۔مشتاق غنی خیبرپختونخوا حکومت میں وزیر اطلاعات تھے۔ رکن پنجاب صوبائی اسمبلی دوست محمد مزاری کو ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے امیدوار نامزد کر دیاگیا ، دوست محمد مزاری پی پی 297 راجن پور سے کامیاب ہوئے۔