Friday, April 19, 2024

اسلام آباد : پہلے بلدیاتی انتخابات میں عوام کی لمبی قطاریں ‘ پولنگ جاری

اسلام آباد : پہلے بلدیاتی انتخابات میں عوام کی لمبی قطاریں ‘ پولنگ جاری
November 30, 2015
اسلام آباد (92نیوز) اسلام آباد میں تاریخ کے پہلے بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے اور عوام کا زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ پونے سات لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بلدیاتی الیکشن کا میدان سج گیا۔ صبح سات بجے شروع ہونے والی پولنگ ساڑھے پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ دیہی اور شہری 50 یونین کونسلوں میں 2 ہزار 407 امیدوار میدان میں ہیں جن میں سے 650 نمائندوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ ان نشستوں میں 50 چیئرمین، 50 ڈپٹی چیئرمین، 300 کونسلرز، خواتین کی 100، مزدوروں کی 50، نوجوانوں کی 50 اور اقلیتوں کی 50 نشستیں شامل ہیں۔ اسلام آباد کی ہر یو سی میں 13 امیدوار ہوں گے جن کے انتخاب کیلئے ہر ووٹر 6 ووٹ ڈالے گا۔ اسلام آباد کی 650 نشستوں پر سب سے زیادہ امیدوار مسلم لیگ نون کے ہیں جن کی تعداد 506 ہے جبکہ تحریک انصاف کے 479امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ جماعت اسلامی نے 164 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر رکھے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی نے 81 امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔ آزاد امیدواروں کی تعداد 972 ہے۔ انتخابات کو پرامن بنانے کے لئے فوج اور رینجرز کے ایک ہزار 300 جوانوں کے علاوہ آزاد کشمیر پولیس کے ایک ہزار اور اسلام آباد پولیس کے 5 ہزار اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔