Sunday, May 19, 2024

اسلام آباد پولیس کی غیر قانونی چوکیاں بنا کر غیر قانونی سرگرمیاں

اسلام آباد پولیس کی غیر قانونی چوکیاں بنا کر غیر قانونی سرگرمیاں
October 16, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی پولیس نے مال اینٹھنے کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا۔ ایف الیون میں رہائشیوں کے لئے قائم کمیونٹی سنٹر غیر قانونی چوکی میں تبدیل ہو گئی۔ کورین سفارتکار کے گھر سے چوری کی گئی شراب کی بوتلیں بھی وہیں سنبھال کر رکھی گئیں۔
گزشتہ دنوں وفاقی پولیس نے کورین سفارتکار کے گھر چھاپے کے نام پر چوری کی۔ لاکھوں مالیت کی 1 ہزار امپورٹڈ شراب کی بوتلیں چرائیں۔ 240 بوتلوں کو جعلی ایف آئی ار میں ظاہر کر کے 760 بوتلوں کو ایف الیون پولیس چوکی میں پہنچا دیا گیا۔
اس کیس میں مزید انکشافات بھی سامنے آ گئے۔ ایف الیون میں قائم پولیس چوکی ہی غیر قانونی نکلی۔ یہاں کا انچارج اسی اے ایس آئی ملک آصف کو لگایا گیا جس نے کورین سفارتکار کے گھر چوری کی۔
پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ شالیمار کی حدود میں شہریوں کی سہولت کے لئے قائم کئے گئے کمیونٹی سنٹر کو پولیس چوکی میں تبدیلی کیا گیا جو کہ غیر قانونی تھی۔ اعلیٰ افسران نے ملک آصف کو بااثر شخصیات کی سفارش پر چوکی انچارج لگایا۔ جو یہاں چھپائی شراب کو شہر کے بدنام زمانہ شراب فروش کو فروخت کرنا چاہتا تھا۔
شراب بر آمدگی معاملے کے بعد اس غیر قانونی چوکی پر تالے لگا دیئے گئے ۔
وفاقی دارالحکومت کے کسی بھی سیکٹر میں پولیس چوکی قائم نہیں۔ شہریوں کی سہولت کے لئے کمیونٹی سنٹر قائم کیے گئے ہیں تاہم پولیس اہلکار ان غیر فعال کمیونٹی سنٹرز کو غیر قانونی سرگرمیوں کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔