Tuesday, May 21, 2024

اسلام آباد پالیسی انسٹیٹیوٹ نے یوروفائیو پاکستان میں متعارف کرانے کا حکومتی فیصلہ غلط قرار دیدیا

اسلام آباد پالیسی انسٹیٹیوٹ نے یوروفائیو پاکستان میں متعارف کرانے کا حکومتی فیصلہ غلط قرار دیدیا
September 16, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد پالیسی انسٹیٹیوٹ نے ماحول دوست ایندھن یورو فائیو کو پاکستان میں متعارف کرانے کے حکومتی فیصلے کوغلط قرار دےدیا، پاکستان میں کام کرنے والی تمام ریفائنریوں کے پاس یورو فائیو ایندھن کو بلینڈ کرنے کی صلاحیت ہی موجود نہیں ۔ اسلام آباد پالیسی انسٹیٹیوٹ نے پاکستان میں یورو فائیو معیار کے ایندھن کو متعارف کرانے کے حکومتی فیصلے کے حوالے سے ایک تفصیلی رپورٹ جاری کی ہے جس میں یورپین اور دیگر ممالک میں استعمال ہونےوالے ماحول دوست ایندھن یوروفائیو کی خصوصیات اور پاکستان میں اس مہنگے ماحول دوست ایندھن کے استعمال میں پیش آنے والی دشواریوں اور عوام پر پڑنے والے اضافی بوجھ سے متعلق بتایا گیاہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں چلنے والی گاڑیوں کے انجنز ابھی تک یورو ٹو معیار کے مطابق ہیں، یورو ٹو معیار کی گاڑیوں کے انجنز میں یورو فائیو فیول نہیں چلایا جاسکتا۔ شعبہ پٹرولیم کے ماہرالیاس فاضل کا کہنا ہے کہ یورو فائیو فیول متعارف کروانے کا حکومتی فیصلہ غلط ہے تاہم پاکستان میں موجود آئل ریفائنریوں کو یورو فائیو فیول بلینڈ کرنے کےلیے تین سال کاعرصہ درکار ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق یورو فائیو فیول پاکستان میں نہ بننے کی وجہ سے حکومت کواربوں روپے خرچ کرکے اسے درآمد کرنا پڑے گا جس سے ملکی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہونگے ۔ درآمدی ایندھن کی ضروریات کو پورا کرنا حکومت کےلیے کسی بڑے چیلنج سے کم نہیں ہوگا جو مستقبل میں کسی بڑے بحران کا باعث بن سکتا ہے۔