Saturday, May 11, 2024

اسلام آباد ٹریفک حادثہ ، تین افراد کے لواحقین سے راضی نامہ ہو چکا ، وکیل کا مؤقف

اسلام آباد ٹریفک حادثہ ، تین افراد کے لواحقین سے راضی نامہ ہو چکا ، وکیل کا مؤقف
February 16, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ٹریفک حادثے میں نامزد کشمالہ طارق کے بیٹے اذلان کی ضمانت کے کیس میں وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ جاں بحق چار افراد میں سے تین کے لواحقین سے راضی نامہ ہو چکا، ضمانت دی جائے۔

اسلام آباد کی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج شیخ محمد سہیل نے کیس کی سماعت کی۔ ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 4 افراد میں سے 3 کے لواحقین سے راضی نامہ ہو چکا ہے۔ ملزم کے وکیل نے استدعا کی کہ قابلِ ضمانت دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، لہٰذا ملزم کی ضمانت منظور کی جائے۔

سرکاری وکیل نے ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ابھی ملزم کے پیش کردہ لائسنس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے ،  3 افراد کی حد تک راضی نامہ ہوا ہے۔  ورثاء کے بیانِ حلفی سامنے نہیں آئے۔

سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ ایک متوفی کے ورثاء سے ملزم کا کوئی راضی نامہ نہیں ہوا ہے، 4 افراد کی جان گئی ہے، ضمانت کی درخواست منسوخ کی جائے۔

جج نے حکم دیا کہ پولیس ملزم کی جانب سے پیش کردہ لائسنس کی آج ہی تصدیق کرائے۔