Friday, May 3, 2024

اسلام آباد : ووٹرز کیلئے گوگل میپ اور اینڈرائیڈ ایپ کی سہولیات

اسلام آباد : ووٹرز کیلئے گوگل میپ اور اینڈرائیڈ ایپ کی سہولیات
November 28, 2015
اسلام آباد (92نیوز) الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں ٹیکنالوجی کے بھرپور استعمال کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ ووٹرز اپنے پولنگ سٹیشنز کی تفصیلات اور لوکیشن گوگل میپ سے بھی حاصل کر سکتے ہیں جبکہ 200 پولنگ سٹیشنز سے نتائج اینڈرائیڈ ایپ سے وصول کرنے کے لیے رزلٹ مینجمنٹ سسٹم بھی قائم کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے دوران ووٹرز 8300 کے علاوہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ اور گوگل میپ کے ذریعے اپنے پولنگ سٹیشنز کی تفصیلات اور لوکیشن معلوم کریں گے۔ گھر بیٹھے ہی ووٹرز کو اپنے پولنگ سٹیشن جانے والے راستوں کی بھی تفصیلات مل جائیں گی۔ وارڈ نمبر‘ بلاک نمبر اور ووٹ نمبر کی تفصیل بھی ویب سائٹ پر مہیا کر دی گئی ہے۔ دوسری طرف 200 پولنگ سٹیشنز پر سے نتائج موبائل فون ایپ کے ذریعے مرکزی سیکرٹریٹ اور ریٹرننگ افسران کو بھجوائے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کے ڈی جی آئی ٹی خضر عزیز کا کہنا ہے کہ پریذائڈنگ افسران موبائل فون سے تصویر بناکر مرکزی سیکرٹریٹ میں بھجوائیں گے۔ تصویر ملتے ہی متعلقہ پولنگ سٹیشن کا نتیجہ ویب کاسٹ ہوجائے گا۔ الیکشن کمیشن کے ڈی جی آئی ٹی کے مطابق دوہزار اٹھارہ کے انتخابات پر نظررکھ کر رزلٹ مینجمنٹ سسٹم بہتر بنایا جا رہا ہے اور اس کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھی بھرپور مدد لی جا رہی ہے۔