Friday, April 19, 2024

اسلام آباد، وزیر خارجہ سے ایرانی ہم منصب کی ملاقات،اہم ترین امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد، وزیر خارجہ سے ایرانی ہم منصب کی ملاقات،اہم ترین امور پر تبادلہ خیال
October 31, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے پاکستا ن کا ہنگامی دورہ  کیا اور  پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ۔  ملاقات میں  ایرانی مغوی اہلکاروں سمیت اہم ترین امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے مغوی ایرانی اہلکاروں کا معاملہ انتہائی سنجیدہ، نادیدہ قوتوں کی پاک، ایران گہرے روابط کو نقصان پہنچانے کی سازش قرار دے دیا۔ ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے دورہ ترکی کے اختتام پر رات گئے ہنگامی دورہ پاکستان کیا ۔ ایرانی سیاسی و فوجی وفد بھی جواد ظریف کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے۔ نور خان ایئر بیس پر ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے استقبال کیا ،  وزارت خارجہ آمدپر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی ہم منصب کا استقبال کیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاک ایران وزرائے خارجہ کے مابین ون ٹو ون ملاقات میں باہمی ایرانی مغوی اہلکاروں سمیت اہم ترین امور پر تبادلہ خیال ۔ پاکستان اور ایران کے مابین ظہرانے پر وفود کی سطح پر مذاکرات کا دور ہوا ۔ ذرائع کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ نے 12 مغوی ایرانی سرحدی محافظوں کا معاملہ اٹھایا تو وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے یقین دلایا کہ سکیورٹی فورسز اور ادارے پوری تندہی کیساتھ پیشرفت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وزیر خارجہ نے ایرانی اہلکاروں کے اغواء کو پاک ایران روابط کو نقصان پہنچانے کی گہری سازش قرار دیا ،  ان کا کہنا تھا پاک ایران سرحد امن کی سرحد ہے ۔ ذرائع کے مطابق پاک،ایران وزرائے خارجہ کے مابین دوطرفہ سلامتی ،تجارتی حجم میں اضافے، دفاعی تعاون بڑھانے، افغان مسئلہ کے پر امن حل، مسئلہ کشمیر اور یمن تنازع سمیت اہم علاقائی و بین الاقوامی امور زیر بحث آئے ۔ ملاقات میں   ایران پر متوقع امریکی پابندی کے تناظر میں حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کے اختتام پر خود ایرانی ہم منصب کو رخصت کیا۔ پاکستان میں نئی حکومت کی تشکیل کے بعد ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا یہ دوسرا دورہ ہے۔