Friday, April 26, 2024

اسلام آباد: ناکے پر نوجوان کی ہلاکت ، پیٹی بند بھائیوں نے مقتول کو ہی ذمہ دار ٹھہرا دیا

اسلام آباد: ناکے پر نوجوان کی ہلاکت ، پیٹی بند بھائیوں نے مقتول کو ہی ذمہ دار ٹھہرا دیا
March 3, 2017
  اسلام آباد(92نیوز)اسلام آباد میں ناکے پر پولیس اہلکار کے ہاتھوں نوجوان کی ہلاکت کا معاملہ مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ مقتول قصور وار جبکہ قاتل بے گناہ نکلا۔ تفصیلات کےمطابق ناکے پر نہ رکنا جان لیوا ثابت ہوا 3فروری کو پولیس اہلکاروں کے روکنے پرگاڑی نہ رکی  پھر گولی چلی اور تیمور نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا یہ واقعہ پیش آیا اسلام آباد کے علاقے آئی جے پی پرنسپل روڈ پر۔ فائرنگ کرنے والا اہلکار سمیع اللہ ساتھی سمیت موقع سے فرار ہوگیا۔ معاملہ بڑھا تو پولیس بھی حرکت میں آئی اور اپنے پیٹی بھائی کو ڈھونڈ نکالا کیس چلا چالان مرتب ہوا  لیکن حسب معمول پولیس حکام نے پیٹی بھائی کو بچا لیا ۔پولیس کی جانب سے چالان عدالت میں پیش کردیا گیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ نوجوان تیمور کا قتل غیر ارادی فعل تھا۔ اہلکار سمیع اللہ کی فائرنگ کا مقصد تیمور کوقتل کرنا نہیں تھا۔۔تیمور نے گاڑی بھکانے کی کوشش کی جس پر فائرنگ کی گئی۔ چالان میں سمیع اللہ کے ساتھی اہلکار طارق کی جان بخشی بھی ہوگئی کیونکہ اسے ملزم کے بجائے مرکزی گواہوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔  مقتول نوجوان کے ساتھ سفر کرنے والی لڑکی ماہین سمیت تین پولیس اہلکاروں کے علاوہ پمز ہسپتال کے ڈاکٹربھی گواہان میں شامل ہیں۔