Saturday, April 27, 2024

اسلام آباد میں گھر کے بیسمنٹ میں پانی بھرنے سے خاتون اور بچہ جاں بحق

اسلام آباد میں گھر کے بیسمنٹ میں پانی بھرنے سے خاتون اور بچہ جاں بحق
July 25, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز)  اسلام آباد میں گھر کے بیسمنٹ میں اچانک پانی بھرنے سے خاتون اور بچہ جاں بحق ہو گئے جب کہ چھ مزید افراد بےہو ش ہو گئے ۔ اسلام آباد کے علاقے پی ڈبلیو ڈی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، گھر کی بیسمنٹ میں بارش کا پانی بھرنے سے 8 افراد ڈوب گئے جس سے 30 سالہ سحرش اور اس کا ایک سالہ بیٹا شایان جاں بحق ہوگئے، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے 6 افرادکوبچالیا۔ موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ، پارلیمنٹ ہاؤس کی چھتیں بھی ٹپک پڑیں، نالہ لئی کی سطح بلند ہوگئی،درجنوں فیڈرٹرپ ہونے سے بجلی چلی گئی۔ جڑواں شہروں میں رات 3 بجے سے بارش وقفے وقفے سے جاری ہے،نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور سڑکیں تالاب کا منظرپیش کرنے لگیں پارلیمنٹ ہاوس کی چھتیں بھی ٹپک پڑیں جس سے قومی اسمبلی ہال کو جانے والے لابیز کی چھت بھی بارشی پانی سے گیلی ہوگئی۔ راولپنڈی میں نالہ لئی میں طغیانی پری الرٹ وارننگ جاری کر دی گئی ، وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید صورتحال کا جائزہ لینے گوالمنڈی پل پر پہنچ گئے جنہیں  واسا حکام نے صورتحال پر بریفنگ دی ۔  ادھر بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں غیرمعمولی اضافہ ، ندی نالوں میں طغیانی آگئی ۔ ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار اور طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ، اسلام آباد ، راولپنڈی ، مری ، سیالکوٹ اور  کشمیر میں بھی جل تھل ایک ہو گیا ، سیالکوٹ ، گجرات ، نارووال  اور گردونواح میں بھی نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔ ادھر میرپور آزادکشمیر میں بارش کے باعث کرنٹ لگنے سے دو بھائی دم توڑ گئے۔کشمیر اور ہزارہ ڈویژن میں لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ  ہے ۔ پاک فوج، ریسکیو ، واسا اور دیگر اداروں کیلئے الرٹ جاری کردیا گیا۔ بارش کے باعث اسلام آباد اورراولپنڈی کے 36 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔ کھنہ ایسٹ، انگوری ، آئی ٹین ون ، کورال ، کالج روڈ اوردھمیال سمیت کئی علاقوں کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔