Friday, April 26, 2024

اسلام آباد میں کالی گھٹائیں چھا گئیں، موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار، محکمہ موسمیات نے آئندہ 4روز میں مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی کر دی

اسلام آباد میں کالی گھٹائیں چھا گئیں، موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار، محکمہ موسمیات نے آئندہ 4روز میں مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی کر دی
May 17, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش نے موسم خوشگوار کر دیا ہے۔ آج صبح جڑواں شہروں میں گہرے بادلوں کے سبب رات کا سماں کا گمان ہو رہا ہے۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات نے آج (اتوار) سے آئندہ ہفتے کے وسط تک ملک کے بالائی علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہوا کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ اس دوران اسلام آباد، فاٹا، خیبرپختونخوا میں مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن، بالائی پنجاب کے شہروں راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن اور گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک اور تیز ہوا، آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اورخشک رہنے جبکہ ملک کے جنوبی علاقوں سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔