Friday, April 19, 2024

اسلام آباد میں ڈینگی کے وار سے دو مریض چل بسے

اسلام آباد میں ڈینگی کے وار سے دو مریض چل بسے
September 22, 2019
 اسلام اباد (92 نیوز) ڈینگی کے وار سے شہری بیمار ہونے لگے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا سندھ کے مختلف شہروں میں ڈینگی خوف کی علامت بن گیا۔ اسلام آباد میں دو مریض چل بسے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ رواں برس پنجاب میں ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 12 ہو گئی  ہے۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 465 نئے افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ 152 مریض راولپنڈی اور 284 اسلام آباد میں سامنے آئے۔ راولپنڈی میں تین ہزار ایک سو چھتیس کیسز رپورٹ ہوئے۔ لاہور میں بھی مزید چار افراد ڈینگی کا شکار ہوئے جس کے بعد لاہور میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار ستاون ہو گئی۔ سرگودھا میں 6 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ۔ گوجرانوالہ کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں 6 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ شہر کے پانچ سو سے زائد مقامات پر ڈینگی لاروا ملا جسے تلف کرنے کیلئے اسپرے شروع کر دیا گیا۔ جہلم میں مزید پانچ مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔ حافظ آباد میں چار مریض سامنے آئے۔ اس وقت پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعدد دو ہزار چار سو سے تجاوز کر چکی ہے۔ دوسری طرف ذرائع محکمہ صحت کے مطابق انسداد ڈینگی سرگرمیوں اور آگاہی مہم میں تیزی لائی جارہی ہے۔ شہریوں کو ڈینگی سے محفوظ رہنے کیلئے ضروری اقدامات اور صفائی کا خاص خیال رکھنے کی  ہدایت کی گئی ہے۔