Saturday, May 11, 2024

اسلام آباد میں ٹریفک جام کے خاتمے کیلئے منصوبوں کا افتتاح آنکھوں میں دھول جھونکنا ثابت ہوا

اسلام آباد میں ٹریفک جام کے خاتمے کیلئے منصوبوں کا افتتاح آنکھوں میں دھول جھونکنا ثابت ہوا
September 22, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس کی تعمیر سمیت اسلام آباد ایکسپریس وے پر کورنگ برج انٹرچینج اور راول ڈیم چوک انٹر چینج  منصوبوں کا افتتاح , آنکھوں میں دھول جھونکنا  ثابت ہوا ، مہینوں بعد بھی ان منصوبوں پر ایک اینٹ تک نہ لگی ۔

اس سال پی ایس ڈی پی میں 500 ملین روپے مختص کیے گئے۔ منصوبوں کا افتتاح ہوئے  بھی مہینوں گزر چکے، لیکن تعمیراتی کام شروع نہ ہوا۔ جس کے باعث پاکستان ٹاؤن  سے لے کر راوت تک اور پارک انکلیو، کری روڈ، بحریہ انکلیو و ترامڑی کے لاکھوں رہائشیوں کو ٹریفک کے شدید مسائل کا سامنا ہے۔

سی ڈی اے ترجمان  کا کہنا ہے کہ تینوں منصوبوں کی تعمیر کا کام جلد شروع کردیا جائے گا، پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس اور کورنگ پل کے توسیع منصوبوں کے فنڈنگ کے معاملات حل ہوگئے ہیں۔ راول ڈیم چوک انٹرچینج کی ماحولیاتی اثرات کی رپورٹ پر  کام جاری ہے۔

سگنل فری پانچ لین کی اسلام آباد ایکسپریس وے  کا افتتاع  2015 میں اُس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے کیا تھا۔ سی ڈی اے نے منصوبہ دسمبر 2018 تک  ٹی چوک راوت تک مکمل کرنا تھا، تاہم زیرو پوائنٹ سے کورنگ دریا تک ہی پانچ رویہ سگنل فری سڑک بنا ئی گئی۔

پھر کئی  سال بعد کورنگ پل سے راوت تک سڑک کی مرمت کے علاوہ پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس تعمیر کرنے اور کورنگ پل کو توسیع دینے کا اعلان کیا گیا۔ جو ابھی تک صرف اعلان ہی ہے۔