Thursday, May 9, 2024

اسلام آباد میں نیلامی کے علاوہ دیگر پلاٹوں کی الاٹمنٹ پر پابندی برقرار

اسلام آباد میں نیلامی کے علاوہ دیگر پلاٹوں کی الاٹمنٹ پر پابندی برقرار
December 18, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد میں نیلامی کے علاوہ دیگر پلاٹوں کی الاٹمنٹ پر پابندی میں توسیع کر دی گئی  ، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ اگر متاثرین کو معاوضہ نہ ملا تو پلاٹ نیلام کرا کے معاوضہ متاثرین کو دینے کی ہدایت کریں گے۔ شہر اقتدار میں نیلامی کے علاوہ دیگر پلاٹوں کی الاٹمنٹ پر حکم امتناع میں توسیع کر دی گئی  ، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے زمینیں ایکوائر کرکے معاوضہ نہ دینے کے خلاف درخواستوں پرسماعت کی ۔ متاثرہ شخص نے عدالت میں فریاد کی کہ سی ڈی اے والے ہمارے گھر گرا رہے ہیں ، 81 سال میری عمر ہوگئی ،آج تک یہ معاملہ حل نہیں ہوسکا۔ معاون خصوصی علی اعوان نے تصدیق کی کہ متاثرین کے آباو اجداد کی زمینیں ہیں جن پر اسلام آباد پر بنا ہوا ہے ، ہم کوشش کررہے ہیں کہ متاثرین کے معاوضہ کا معاملہ جلد حل کرلیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے  کہ آپ کو بہت کریڈٹ جاتا ہے ، 1960 سے متاثرین کے معاملات التوا میں تھے ۔ پچاس سال سے اسلام آباد کے متاثرین دربدر پھر رہے تھے  ،اب کمیشن اس کو حل کرے گا ، آخری متاثرہ شخص کو معاوضہ دینے تک ہم یہ معاملہ نہیں چھوڑیں گے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہم نے پابندی لگائی ہوئی ہے کہ متاثرین کے مسائل حل کے بغیر کوئی پلاٹ الاٹ نہیں ہوگا ، اگر متاثرین کو معاوضہ نہ ملا تو پلاٹ نیلامی کرا کے معاوضہ متاثرین کو دینے کی ہدایت کریں گے ، کیس کی سماعت 16 جنوری کو دوبارہ ہوگی۔