Friday, April 26, 2024

اسلام آباد میں نظام صلوٰة نافذ کر دیا گیا، اذان اور جماعت کے اوقات مقرر

اسلام آباد میں نظام صلوٰة نافذ کر دیا گیا، اذان اور جماعت کے اوقات مقرر
May 1, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وزارت مذہبی امور کے مطابق تمام مسالک کے علماءنے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں ایک ہی وقت میں اذان اور نماز ادا کی جائے جس کے بعد آج سے اسلام آباد کی تمام مساجد میں اذان اور نماز کا ایک ہی وقت ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نظام صلوٰة کا کیلنڈر تیار کر لیا گیا ہے جس پر آج سے عملدرآمد شروع ہو گیا ہے ۔ نمازوں کے لحاظ سے پورا سال دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلا حصہ 15 اپریل سے 14 اکتوبر تک ہو گا۔ اس مدت میں فجر کی اذان صبح چار بج کر دس منٹ پر دی جائے گی جبکہ جماعت 4 بجکر چالیس منٹ پر اداکی جائے گی ۔ نماز ظہر کی اذان سوا ایک بجے جبکہ جماعت ڈیڑھ بجے ادا کی جائے گی۔ نماز عصر کی اذان چار بجکر 49 منٹ پر جبکہ جماعت چار بجکر 59 منٹ پر ہو گی۔ نماز مغرب کی اذان 6بجکر 45 منٹ پر اور دو منٹ بعد جماعت کرائی جائے گی۔ نماز عشا کی اذان رات 8 بجکر 15 منٹ پر اور جماعت 8 بجکر چالیس منٹ پر ہو گی۔ نمازوں کے اوقات کا دوسرا حصہ 15اکتوبر سے 14 اپریل پر محیط ہو گا۔ اس مدت میں نماز فجر کی اذان صبح چار بجکر 49 منٹ پر دی جائے گی جبکہ جماعت5 بجکر19منٹ پر اداکی جائے گی۔ نماز ظہر کی اذان ایک بجے جبکہ جماعت سوا ایک بجے ادا کی جائے گی۔ نماز عصر کی اذان 3 بجکر 57 منٹ پر جبکہ جماعت چار بجکر 7 منٹ پر ہو گی۔ نماز مغرب کی اذان 5بجکر 41 منٹ پر اور دو منٹ بعد جماعت کرائی جائے گی۔ نماز عشا کی اذان رات7 بجکر 21 منٹ پر اور جماعت7 بجکر 36منٹ پر ہو گی۔ پورا سال نمازجمعہ کےلئے اذان 12 بجکر 45منٹ پر ادا کی جائے گی۔