Thursday, April 25, 2024

اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کیخلاف درخواست پر سی ڈی اے کو نوٹس جاری

اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کیخلاف درخواست پر سی ڈی اے کو نوٹس جاری
June 30, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے خلاف درخواست پر سی ڈی اے کو نوٹس جاری کر دیا گیا  جس میں جواب طلب کیا گیا ہے ۔

مندر کی تعمیر رکوانے سے متعلق درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی ، درخواستگزار چوہدری تنویر اختر ایڈووکیٹ نے  اسلام آباد کے سیکٹر ایچ 9 میں مندر کی تعمیر کیلئے مختص زمین، فنڈز واپس اور تعمیر فوری روکنے کا حکم دینے کی استدعا کی  جبکہ مندر کو الاٹ زمین اسلام آباد کے ماسٹر پلان کی  خلاف ورزی بھی قرار دے دی، موقف اپنایا کہ سید پور ویلج میں پہلے سے مندر موجود ہے، حکومت اس کی تزئین و آرائش کرسکتی تھی۔

درخواستگزار نے دلائل میں کہا کہ  اگر مندر کی تعمیر شروع کردی گئی تو کل دوسری اقلیتیں بھی ایسے مطالبات کریں گی ، حکومت بتائے کہ ایچ نائن سیکٹر کے ارد گرد کے سیکٹرز میں ہندو کمیونٹی کی کتنی آبادی ہے؟ ۔ضلعی عدالتیں کرائے کی دوکانوں میں قائم ہیں اور انتظامیہ مندر تعمیر کر رہی ہے۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ اقلیتوں کے مکمل حقوق ہیں، ان کا بھی خیال رکھنا ہے، عدالت نے مندر کی تعمیر  روکنے کی استدعا مسترد کردی ۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں تنویر اختر ایڈووکیٹ نےکہا کہ اگر سی ڈی اے قوانین اجازت دیتے ہیں تو مندر بننے کی اجازت دی جائے۔

ہندو برادری کی عبادت گاہ کیلئے اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن ٹو میں جگہ مختص کی گئی ہے ،  اسلام آباد میں یہ پہلا مندر تعمیر کیا جائے گا۔