Tuesday, April 16, 2024

اسلام آباد میں فنون لطیفہ اور ثقافت کے فروغ کا منصوبہ چودہ سال بعد بھی نامکمل

اسلام آباد میں فنون لطیفہ اور ثقافت کے فروغ کا منصوبہ چودہ سال بعد بھی نامکمل
April 12, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی ترقیاتی ادارے کا اسلام آباد میں فنون لطیفہ اور ثقافت کے فروغ کا منصوبہ انیس سال بعد بھی مکمل نہ ہو سکا۔

 وفاقی ترقیاتی ادارے نے جنوری 2005 میں آرٹس اینڈ کرافٹس ویلیج کا سنگ بنیاد رکھا ۔ 26 ایکڑ رقبہ پر محیط کروڑوں روپے لاگت کے منصوبے کا افتتاح 21 مارچ 2013 کو اس وقت کے چئیرمین سی ڈی اے سید طاہر شہباز نے کیا۔

 آرٹس اینڈ کرافٹس ویلیج میں خطہ پوٹھوہار کی دس ہزار سالہ ثقافت اجاگر کرنے اور دم توڑتے فنون کے احیا کو بنیاد بنایا گیا ۔ اس مقصد کے لئے 40 سے زائد سٹالز ، اوپن ائیر تھیٹر ، نمائشی ہال ، سٹوڈیوز اور ہاسٹل تعمیر کئے جانا تھے۔

 آرٹس اینڈ کرافٹس ویلیج اپنے مقاصد کے فروغ کے ساتھ ساتھ سینکڑوں ہنر مندوں اور فنکاروں کے روزگار کا وسیلہ بھی تھا لیکن دیگر کئی منصوبوں کی طرح یہ بھی متعلقہ اداروں کی غفلت اور نا اہلی کا شکار ہو گیا۔

 شہریوں کا کہنا ہے کروڑوں روپے کی لاگت کے باوجود آرٹس اینڈ کرافٹس ویلیج کھنڈرات میں تبدیل ہو رہا ہے۔ ارباب اختیار کو اس طرف فوری توجہ دینی چاہئیے۔

 شہریوں کا کہنا ہے کہ پرانے منصوبوں کو ادھورا چھوڑ کر نئے منصوبوں کی تختیاں لگانے کا عمل بند کیا جائے۔

 کروڑوں روپے کی لاگت کے بعد ادھورے منصوبے وفاقی ترقیاتی ادارے کا طرہ امتیاز ہیں ؟ آرٹ اینڈ کرافٹس کے فروغ کے لیے بسایا گیا گاوں اپنی خستہ حالی اور سی ڈی اے کی لاپروائی پر نوحہ کناں ہے ۔