Friday, April 19, 2024

اسلام آباد میں خوف و ہراس پھیلانیوالے سکندر کی اپیل مسترد

اسلام آباد میں خوف و ہراس پھیلانیوالے سکندر کی اپیل مسترد
June 12, 2019
اسلام آباد (92نیوز) بندوق کی نوک پرخوف پھيلانے والا مجرم کسی ريليف کا مستحق نہيں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے چھ سال پہلے وفاقی دارالحکومت میں خوف و ہراس پھیلانے اور بلیو ایریا کو گھنٹوں يرغمال بنانے والے سکندر کی اپیل مسترد  کردی، تفصیلی فیصلہ جاری کردیا یا جس میں  کہا گیا کہ  سکندرکو سزا پوری کرنا ہوگی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بلیوایریا میں اسلحہ کے زور پر دہشت پھیلانے والے سکندرکی سزا کیخلاف اپیل پر 13 مارچ کومحفوظ  کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ اورجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے 22صفحات پر مشتمل تحريري فیصلہ جاری کیا ، واضح کیا کہ پراسیکیوشن نے اپنا کیس ثابت کیا ، سکندرکی اپیل مسترد کی جاتی ہے ۔ تحریری فیصلے میں عدالت نے قرار دیا کہ ٹرائل کورٹ نے سکندر کو کم سزا دینے کی وجہ بیان نہیں کی، وفاق نے سزا بڑھانے کیلئے اپیل بھی دائر نہیں کی  لہذا چھ سال قبل بندوق کی نوک پرخوف پھیلانے والا سکندر سزا پوری کرے۔ سال 2013 میں اسلام آباد کے تجارتی مرکز بلیو ایریا میں سکندر نے جدید ہتھیاروں کے زور پر کئی گھنٹے تک ڈرامہ رچایا ، واقعے کا ڈراپ سین اُس وقت ہوا جب پیپلزپارٹی کے رہنما زمرد خان نے سکندر کے بچوں سے ملاقات کی خواہش کی اور قریب جانے پر انہوں نے ملزم کو پکڑ لیا ۔ سال 2017 ميں انسداد دہشتگردی عدالت نے سکندر کو  16 سال قیدکی سزاسنائی تھی۔