Friday, May 3, 2024

اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن پر غیر یقینی کے بادل چھانے لگے

اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن پر غیر یقینی کے بادل چھانے لگے
July 6, 2015
اسلام آباد(92نیوز)وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی الیکشن پر غیر یقینی کے بادل چھانے لگے ہیں۔ تفصیلات کے  مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن سے متعلق الیکشن کمیشن اور اسلام آباد کے شہریوں کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نےسماعت کی۔ شہریوں کے وکیل مبین قاضی نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے بل قومی اسمبلی سے تو پاس ہوگیا مگر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے پاس بل ہے جس میں ترامیم ہونی ہیں۔ سینیٹ کی جانب سے اسلام آباد بلدیاتی بل میں غیر جماعتی بنیاد پر الیکشن ، اور امیدواروں کی عمر کے حوالے سے شرائط پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔ ایڈیشنل ڈی جی الیکشن کمیشن محمد ارشد کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو جلد حتمی بل کے حوالے سے آگاہ کیا جائے صورتحال واضح ہوگی تو بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام دوبارہ کرنا ہوگا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان کا کہنا تھا کہ امید یہی ہے عید سے قبل سینیٹ سے یہ بل پاس نہیں ہوپائے گا۔ جسٹس شیخ عظمت نے کہا کہ یہ الیکشن ہوتا نظر ںہیں آرہا۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ بلدیاتی حکومتیں بنیں گی تو دیشت گردی سے نبٹنے کا نطام بھی موثر ہوگا، کونسلر کو پتہ ہوگا کہ اس کے محلے میں کیا سرگرمی ہورہی ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے استفسار پر بتایا کہ اسلام آباد بلدیاتی بل قومی اسمبلی سے تو پاس ہوگیا تھا مگر سینیٹ میں اسے سپورٹ نہیں مل پا رہی۔ جس پر عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایات دیں کہ کل صبح تک عدالت کو بتایا جائے کہ سینیٹ میں اس بل پر کیا کارروائی ہوئی۔