Thursday, April 25, 2024

اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کا 13واں اجلاس جاری

اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کا 13واں اجلاس جاری
February 28, 2017

اسلام آباد (92نیوز) اقتصادی تعاون تنظیم کا 13واں اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے۔ پہلے روز ترکی اور ایران سمیت دس ممالک کے وزرائے خارجہ  اجلاس میں شریک ہیں۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز کہتے ہیں کہ خطے کو دہشت گردی اورانتہا پسندی سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، مسائل سے نمٹنے کے لئے مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس کے پہلے روز وزرائے خارجہ کی کانفرنس جاری ہے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اجلاس سے خطاب میں شرکا کو خوش آمدید کہا اور خطے میں امن و خوشحالی کے لئے رکن ملکوں میں رابطوں کے فروغ پر روز دیا۔

ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے کانفرنس کے بہترین انتظامات پر پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ علاقائی ترقی کیلئے وژن 2025 تشکیل دیا گیا ہے جس پر عمل در آمد کے لئے تمام رکن ممالک کو بھرپورکوششیں کرنا ہوں گی۔

وزرائے خارجہ کا اجلاس شام 6بجےتک جاری رہے گا جبکہ کانفرنس کے دوسرے روز سربراہان مملکت کا مرکزی سیشن ہوگا جس میں آٹھ ممالک کے سربراہان شریک ہوں گے جس کے بعد ممکنہ طور پر سیکرٹری خارجہ میڈیا بریفنگ دینگے۔