Sunday, May 19, 2024

اسلام آباد میں ’’ احساس سیلانی ‘‘ لنگر  اسکیم کا افتتاح

اسلام آباد میں ’’ احساس سیلانی ‘‘ لنگر  اسکیم کا افتتاح
October 7, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم نے اسلام آباد میں احساس سیلانی لنگر اسکیم کا افتتاح کر دیا ، وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے اسکیم سے متعلق کہا کہ وزیر اعظم غریبوں کا احساس رکھتے ہیں ، وزیر اعظم نے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ جہاں بھی لنگر خانے قائم ہوں وہاں کھانا معیاری اور عوام کو عزت کیساتھ پیش کیا جائے ۔ معاون خصوصی نے کہا کہ سیلانی لنگر خانہ صرف دس یوم میں بنایا گیا ، پورے پاکستان میں  پناہ گاہیں بن گئی ہیں، وزیراعظم کی ہدایت ہے سب کے سر پر چھت ہو،کوئی کھلے آسمان کے نیچے نہ سوئے، اگلے سال 112 لنگر کھولیں گے، یہ بڑا کام ہے جو حکومت اکیلے پورے نہیں کرسکتی ،سیلانی ٹرسٹ سے معاہدہ ہورہا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ فلاحی کام اللہ کیلئے ہوتا ہے ، انسان کو دلی سکون ملتا ہے ، ریاست مدینہ پر ہم نے اپنی یونیورسٹیز میں پی ایچ ڈی پروگرام رکھے ہوئے ہیں تا کہ لوگوں کو سمجھ آ سکے کہ اس کی روح کیا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ریاست مدینہ کے ماڈل پر چلتے ہوئے ہم نے اپنے کمزور طبقے کی  ذمہ داری لینی ہے ،  ہمارے ملک کے بد ترین حالات کی وجہ گزشتہ کچھ عرصے میں غریب سے غریب تر اور امیر کا امیر تر ہونا ہے ، سارا ٹیکس غریبوں سے لیا جاتا ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ  ہم کاروباری طبقے کی پوری مدد کر رہے ہیں ، پوری کوشش ہے کہ ہماری بزنس کمیونٹی نفع بنائے  لیکن اس میں سے ہم  ٹیکس لیکر چھوٹے طبقے پر خرچ کریں گے ،  چھوٹے طبقے کیلئے احساس پروگرام ، بچوں کیلئے قرضے دے رہے ہیں ، آہستہ آہستہ ہم  نیا  پاکستان بنائیں گے جو  فلاحی ریاست ہو گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ  عوا م میں صبر نہیں ہے ، 13 ماہ میں پوچھ رہے ہیں کہاں ہے نیا پاکستان ،  ریاست مدینہ ایک دن میں  وجود میں نہیں آئی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ 70 سال سے ہم غلط سمت میں جا رہے ہیں ، ہماری ریاست میں برکت آئے گی لیکن یہ تمام  کام  یکدم نہیں بلکہ مرحلہ وار ہوں گے ۔