Friday, April 26, 2024

اسلام آباد میں 972 آزاد امیدوار میدان میں اتر آئے ، دلچسپ مقابلہ متوقع

اسلام آباد میں 972 آزاد امیدوار میدان میں اتر آئے ، دلچسپ مقابلہ متوقع
November 29, 2015
اسلام آباد (92نیوز) اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے لیے کل 2 ہزار 4 سو 7 امیدوار میدان میں ہیں۔ حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے 506 جبکہ تحریک انصاف نے 479 امیدوار انتخابی معرکے میں اتارے ہیں۔ شہر میں آزاد امیدواروں کی تعداد 972 ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ عام انتخابات 2013ءکے دوران شہر میں قومی اسمبلی کی دو نشستوں میں سے ایک مسلم لیگ (ن) جبکہ ایک تحریک انصاف نے جیتی۔ شہر میں پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی بھی مضبوط ووٹ بنک رکھتی ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری پارٹی پوزیشن کے مطابق شہر کی 640 نشستوں کے لیے آزاد امیدواروں کی تعداد سب سے زیادہ ہے جبکہ سیاسی جماعتوں میں مسلم لیگ (ن) نے 506 امیدوار میدان میں اتار رکھے ہیں۔ تحریک انصاف کے 479 امیدوار انتخابی دنگل کے لیے سامنے آئے ہیں۔ جماعت اسلامی نے 30 نومبر کے انتخابی ٹاکرے کے لیے 164 امیدوار عوامی عدالت میں پیش کیے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے 81 جبکہ عوامی تحریک نے 24 امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تین خواتین اور ایک نوجوا ن امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ دس یونین کونسلوں میں دس غیرمسلم امیدوار بھی بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ 300 جنرل ممبرز میں سے 10 بلامقابلہ منتخب چکے ہیں۔