Thursday, April 18, 2024

   اسلام آباد : ملاعمر کی غائبانہ نماز جنازہ ادا

    اسلام آباد : ملاعمر کی غائبانہ نماز جنازہ ادا
August 1, 2015
اسلام آباد(92نیوز)طالبان کےسربراہ ملا عمر کی وفاقی دارالحکومت میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کردی گئی ،جنرل ریٹائرڈ حمید گل کا کہنا ہے کہ ملاعمر کا نام تاریخ فراموش نہیں کرسکتی ، ان کی حکمت اور تدبر سے امریکہ شکست سے دوچار ہوا۔ تفصیلات کے مطابق طالبا ن کے سربراہ ملا محمد عمر کی غائبانہ نماز جنازہ آئی ایٹ مرکز اسلام آباد کی مسجد میں ادا کی گئی ، نماز جنازہ جماعت الدعوہ کے نائب امیر حافظ عبدالرحمان مکی  نے پڑھائی ،آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل ر حمید گل ، جماعت اسلامی کے نائب امیر میاں اسلم ، مولانا فضل الرحمان خلیل،سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے ملاعمر کی جنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ کے موقع پر جنرل ر حمید گل نے ملاعمر کی جہادی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ملا عمرنے افغانستان میں اسلام اورسچائی کا علم بلندرکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو افغانستان میں شکست سے ہمکنار کرنے والے ملا عمر ہیں جن کی افغانستان بھر میں حکومت تھی مگر سادگی اور انصاف پسندی کی مثال بھی تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ افغانستان میں اپنا قیام بڑھانے کے لیے داعیش کی مدد کررہا ہے ،اس موقع پر میاں اسلم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملاعمر بہادر ، سچے اوراسلام دوست تھے ،جنہوں نے افغانستان کو امریکہ اور نیٹو کا قبرستان بنادیا ۔ انہوں نے ملاعمر کی میزانی کی بھی تعریف کی۔