Tuesday, April 16, 2024

اسلام آباد، لاہور، پشاور میں بارش سے موسم خوشگوار !!! کراچی میں موسم جزوی ابرآلود رہنے کا امکان

اسلام آباد، لاہور، پشاور میں بارش سے موسم خوشگوار !!! کراچی میں موسم جزوی ابرآلود رہنے کا امکان
August 1, 2015
لاہور/ پشاور / اسلام آباد / کراچی (92نیوز) ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آج صبح پشاور اور گردونواح میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے نشیبی علاقوں کو ڈبو دیا، اسلام آباد اور ملتان میں بھی بادل خوب برسے۔ لاہور میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا اور درجہ حرارت میں کمی آ گئی۔ کراچی میں موسم جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔ موسلادھار بارشوں سے اگلے دو روز کے دوران خیبرپختونخوا، بالائی فاٹا، پوٹھو ہار اور ڈی جی خان کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے تین روز کے دوران اسلام آباد، کشمیر، پنجاب، فاٹا اور خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ اس دوران اسلام آباد، راولپنڈی، ڈی جی خان، پشاور، مالاکنڈ، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن اور فاٹا میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اگلے دوروز کے دوران گلگت بلتستان اور چترال میں بھی بارش کے باعث مقامی دریاوں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ اس دوران خیبر، کرم، باجوڑ، اورکزئی، مہمند ایجنسیز کے مقامی ندی نالوں میں بھی طغیانی آ سکتی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش مری میں 111 ملی میٹر جبکہ گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی دالبندین میں پڑی جہاں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔