Friday, May 10, 2024

اسلام آباد، لاہور، پشاور، فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں 6.4 شدت کا زلزلہ

اسلام آباد، لاہور، پشاور، فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں 6.4 شدت کا زلزلہ
December 20, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) ملک میں آنیوالے مختصر دورانیے کے زلزلے سے درو دیوار ہل کر رہ گئے۔ اسلام آباد، لاہور، پشاور، فیصل آباد سمیت کئی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر شدت چھ اعشاریہ چار ریکارڈ کی گئی۔ پشاور سے فیصل آباد، لاہور اور گلگت بلتستان سے جنوبی پنجاب تک زلزلہ، ملک کے مختلف شہروں میں شام 4 بج کر 39 منٹ پر جھٹکے شروع ہوئے تو شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، کلمہ طیبہ اور استغفار کا ورد شروع ہوگیا اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، قصور، شیخوپور، پاکپتن، جھنگ، پشاور، بنوں، ٹانک، مانسہرہ، طورغر، بٹ گرام، مردان اور صوابی میں بھی زلزلہ محسوس ہوا تو دفاتر اور گھروں میں موجود شہریوں کی بڑی تعداد خوفزدہ ہوکر باہر نکل آئی۔ زلزلہ پیما مرکز نے بتایا زلزلے کی شدت6.4 ریکارڈ کی گئی، زلزلہ زمین کے اندر 210 کلومیٹر گہرائی میں آیا، اس لئے زیادہ نقصان نہیں ہوا، زلزلے کا مرکز افغانستان کے علاقے بدخشاں میں کوہ ہندوکش کا سلسلہ تھا۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق پاکستان کے شمالی علاقوں میں شدید جھٹکے محسوس کئے گئے، ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں، متعلقہ اداروں سے تفصیلات اکٹھی کی جارہی ہیں۔